Tuesday, March 3, 2015

سرحد پر امن قائم رکھنا انتہائی اہم ہے: ایس جے شنکر

بھارتی سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر نے منگل کو دو روزہ دورے پر پاکستان آمد کے بعد اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔ ایس جے شنکر اور پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی ملاقات اسلام آباد میں دفترِ خارجہ میں ہوئی۔ پاک بھارت مذاکرات کی باقاعدہ بحالی؟ ملاقات کے بعد میڈیا کے سامنے اپنے مختصر بیان میں بھارتی سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ مثبت ماحول میں ہونے والی یہ بات چیت تعمیری رہی۔ انھوں نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات پر بھی بات ہوئی اور ’ہم نے کھلے ذہن کے ساتھ ایک دوسرے کے خدشات اور مفادات پر بات کی۔‘ ایس جے شنکر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے ’ساتھ مل کر کام کرنے، اتفاقِ رائے کے نکات تلاش کرنے اور اختلافات کم کرنے پر اتفاق کیا۔‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ سرحد پر امن قائم رکھنا انتہائی اہم ہے۔ ایس جے شنکر نے بتایا کہ ملاقات میں بھارت کی جانب سے ممبئی حملوں سمیت سرحد پار دہشت گردی کے معاملات پر اس کے دیرینہ موقف کو دہرایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سارک کو آگے بڑھانے کے معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔ پاکستان سارک کا اگلا چیئرمین ہوگا اور بھارت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے تاکہ سارک اپنی بھرپور استعداد کے مطابق کام کر سکے۔